طلبہ کو فیل کرنے کا مسئلہ حل نہ ہوا تو وزیر اعلیٰ ہاؤس پر احتجاج کریں گے، حافظ نعیم

طلبہ کو فیل کرنے کا مسئلہ حل نہ ہوا تو وزیر اعلیٰ ہاؤس پر احتجاج کریں گے، حافظ نعیم

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ طلبہ کو امتحانات میں فیل کرنے کا مسئلہ حل نہ ہوا تو وزیر اعلیٰ ہاؤس پر احتجاج کریں گے۔

باغ جناح گراؤنڈ میں ’اعلان کراچی‘ جلسے سے خطاب میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کراچی کے نوجوانوں سے تعلیم کا حق چھینا جا رہا ہے یونیورسٹیوں کو گرانٹ نہیں ملتی، ایم ڈی کیٹ جعلی طریقے سے لیا گیا، امتحانات کے نظام کو تباہ کر دیا گیا، سازش کے تحت انٹر کے طلبہ کو فیل کرنا شروع کر دیا گیا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ یہ بھیڑیے چاہتے ہیں نوجوان یونیورسٹیوں کے ٹیسٹ بھی نہ دیں، امتحانات کا مسئلہ حل نہ ہوا تو 2 دن میں وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے احتجاج کریں گے، آپ مزاحمت کریں گے تو وڈیرے اور ان کے سہولت کار ڈھیر ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مافیا سے تم بات کرتے تھے تو وہ پیچھے ہٹ جاتی تھی، کے-الیکٹرک نادہندہ ہے اسے کیسے 20 سال کا لائسنس دے دیا گیا؟ اس کو لائسنس دینے کے خلاف عدالت میں جائیں گے، یہ سب سے مہنگی بجلی دیتا ہے لوڈشیڈنگ کرتا ہے پھر بھی لائسنس مل گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جو کہتے تھے مہاجروں کو شناخت دلائیں گے وہ 35 سال میں بہاریوں کو شناخت نہ دے سکے، انہوں نے ہماری تہذیب کی شناخت چھینی۔

حافظ نعیم الرحمان نے مطالبہ کیا کہ کراچی کے نوجوانوں کیلیے سرکاری نوکریوں کے دروازے کھولے جائیں، کراچی آگے بڑھتا ہے تو پاکستان آگے بڑھتا ہے اس کو اس کا حق دے دو، کراچی کو اس کا مالیاتی حق دیں تو ملک کو کشکول اٹھانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔