امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی 15سا ل سے سندھ میں حکومت کررہی ہے لیکن اس نے کراچی کے عوام کے لیے عملاً کچھ نہیں کیا.
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطی یوسی 8 کے تحت فیڈرل بی ایریا بلاک 5میں 1300مستحق خاندانوں میں راشن کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
حافظ نعیم الرحمن نے الخدمت کے تحت مفت بازار کا دورہ بھی کیا جہاں فرید احمد نے بازار سے متعلق بریفنگ دی۔ حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ پورے ملک میں الخدمت کا نیٹ ورک موجود ہے، الخدمت ایک این جی او ہے جو کسی بھی ریاست کا متبادل نہیں ہوسکتی لیکن اس کے باوجود کراچی سمیت ملک بھر میں عوامی خدمات انجام دے رہی ہے.
انہوں نے کہا کہ الخدمت کے تحت ہر سال کی طرح اس سال بھی ہزاروں مستحقین میں مفت راشن تقسیم کیا گیاجب کہ یہ ذمہ داری حکومت و ریاست کی ہے کہ مستحقین کے لیے جامع پروگرام بنا یا جائے اور عوام کی عزت نفس کو مجروح کیے بغیر ان کی امداد کی جائے لیکن المیہ یہ ہے کہ مستحقین کے نام پر مختص فنڈز بھی حکمرانوں کے بنک اکاؤنٹ میں چلے جاتے ہیں اورعوام کو کچھ نہیں دیا جاتا۔انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک کے بابرکت میں مہینے میں بھی کے الیکٹرک اعلانیہ اور غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ کر رہی ہے،گرمی کے موسم میں عوام شدید ذہنی و جسمانی اذیت کا شکار ہیں اورناجائز وبھاری بل بھی بھیجے جارہے ہیں جب کہ دوسری جانب گیس کی لوڈ شیڈنگ نے بھی عوام کے لیے پریشانیوں اور مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔
حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ اہل کراچی کو باعزت ٹرانسپورٹ، معیاری تعلیم، پینے کا صاف پانی، علاج معالجے کی سہولت سمیت بنیادی ضروریات تک میسر نہیں، پیپلزپارٹی اپنے وڈیرہ شاہی اور جاگیردارانہ مائنڈ سیٹ کو اندرون سندھ کی طرح کراچی پر بھی مسلط کرناچاہتی ہے، کراچی کے عوام 18اپریل کو ملتوی شدہ نشستوں کے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لیں اور ان تمام جماعتوں کو مسترد کردیں جنہوں نے ان کا استحصال کیا اور بار بار دھوکا دیا، سندھ حکومت اورپیپلزپارٹی جتنی بھی کوشش کر لے کراچی کا میئر جماعت اسلامی کا ہو گا، پی پی پی گیارہ یوسیز کے انتخابات سے بھاگ رہی ہے۔