اسلام آباد(3 اگست 2025): پاکستان میں حج 2026 رجسٹریشن سے رہ جانے والوں کیلئے خوشخبری آگئی۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے غیر رجسٹرڈ عازمین سے بھی حج درخواستیں وصولی کرنے کا فیصلہ کرلیا، کم درخواستوں کے خدشہ پر غیر رجسٹرڈ عازمین کو موقع دینےکا فیصلہ ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق ساڑھے 4 لاکھ رجسٹرڈ عازمین سے سوا لاکھ کا حج کوٹہ مکمل نہ ہونے کا خدشہ ہے، رجسٹرڈ عازمین سے حج درخواستیں 4 اگست سے وصول کی جائیں گی رجسٹرڈ عازمین سرکاری اسکیم کے تحت درخواستیں 4 تا 9 اگست تک جمع کرواسکتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر رجسٹرڈ عازمین کی درخواستوں کی وصولی 11 سے 16 اگست تک ہوگی، درخواستیں پہلے آئیے پہلے پائیےکی بنیاد پر وصول کی جائیں گی، حج درخواستوں کے لیے پہلے رجسٹرڈ عازمین کو ترجیح دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق 38 سے 42 روزہ حج کے لیے 5 لاکھ روپے جمع کروانا ہوں گے جبکہ 20 سے 25 روزہ مختصر حج کی پہلی قسط کے طور پر ساڑھے پانچ لاکھ روپےجمع کروانا ہونگے۔
ذرائع کا اس حوالے سے مزید کہنا ہے کہ حج درخواستیں ملک کے 14 نامزد بینکوں میں جمع کرائی جاسکتی ہیں، حج اخراجات کی دوسری قسط یکم نومبر کو وصول کی جائے گی۔