حج کیلئے درخواستیں جمع کرانے کا ایک اور موقع

حج کرنے کے خواہشمندوں کیلئے بڑی خوشخبری

اسلام آباد: عازمین حج کیلئے درخواستیں جمع کرانے کا ایک اور موقع دے دیا گیا۔

ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق سرکاری حج اسکیم میں 1640 نشستیں باقی رہ گئی ہیں اور ان محدود نشستوں پرحج  درخواستوں کی وصولی کل جمعرات 21 اگست کو بھی جاری رہے گی۔

ترجمان نے بتایا کہ بارشوں اور ہنگامی صورتحال کے باعث درخواست گزاروں کو مزید وقت دیا جا رہا ہے مطلوبہ درخواستیں موصول ہونے پر مزید وصولی روک دی جائےگی،

ترجمان نے کہا کہ درخواستیں منتخب بینکوں میں جمع کرائی جا سکتی ہیں.

وفاقی وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ درخواستوں کی مقررہ تعداد پوری ہوتے ہی بکنگ روک دی جائے گی۔

پہلے آئیے اور پہلے پائیے کی بنیاد پر وصول شدہ درخواستیں کامیاب قرار پائیں گی، حج درخواست گزار بینک سے کمپیوٹرائزڈ رسید ضرور حاصل کریں۔

ترجمان مذہبی امور نے مزید کہا کہ آن لائن پورٹل یا پاک حج2026ایپ پر اپنے کوائف لازمی چیک کریں، غلطی کی صورت میں متعلقہ بینک سے فوری تصحیح کرائیں۔

واضح رہے کہ سرکاری حج اسکیم میں 40 روزہ لانگ حج اور 25 روزہ شارٹ حج پیکج کی سہولت موجود ہے۔

درخواست کے ہمراہ پیکیج کے مطابق 5 لاکھ یا ساڑھے پانچ لاکھ کی پہلی قسط جمع کرانا لازمی ہے اور حج واجبات کی دوسری قسط یکم نومبر سے وصول کی جائے گی۔

اس کے علاوہ بیرون ملک مقیم پاکستانی پاسپورٹ کے حامل افراد بھی درخواست جمع کروانے کے اہل ہیں۔