حج اخراجات میں اضافہ : رواں سال حاجیوں کو 40ہزار روپے سبسڈی دینے پر غور

حج اخراجات

اسلام آباد : حکومت پاکستان رواں سال حاجیوں کو فی حاجی40ہزار روپے سبسڈی دینے پر غور کررہی ہے، حج اخراجات 4لاکھ 20ہزارروپے تک بڑھنے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق رواں سال سرکاری اسکیم کے تحت حج اخراجات4لاکھ 20ہزارروپےتک بڑھنے کا امکان ہے، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ حج اخراجات میں اضافے کی وجہ روپیہ غیرمستحکم اور سعودی عرب میں ٹیکسز ہیں۔

صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے وزارت مذہبی امور فی حاجی40ہزار روپے سبسڈی کی کوشش کرے گی، ذرائع کے مطابق سبسڈی ملنے پر سرکاری اسکیم کے تحت حج اخراجات3لاکھ81ہزار روپے ہوں جائیں گے۔

وفاقی کابینہ سے حج پالیسی کی منظوری کے بعد حج درخواستیں20جنوری سے جمع ہوں گی،20فروری2020تک مشین ریڈایبل پاسپورٹ پرحج درخواستیں جمع ہوں گی۔

مزید پڑھیں : عازمین حج کی سہولیات کیلئے وزارت مذہبی امور کا ڈی جی سی اے اے کو خط

واضح رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین حج 2019 کا معاہدہ طے پاگیا ہے، اس سال ایک لاکھ 84 ہزار 210 افراد فریضہ حج ادا کرسکیں گے، حج معاہدہ پر پاکستان اور سعودی وزراء نے دستخط کردیئے، پاکستان کے حج کوٹہ میں پانچ ہزار افراد کا اضافہ کیا گیا ہے۔

ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق روڈ تو مکہ پراجیکٹ میں پاکستانی حجاج کو مرحلہ وار شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ترجمان مذہبی امور کے مطابق ابتدائی طور پر صوبہ سندھ کے 35 ہزار حجاج مستفید ہوں گے، حاجیوں کی تصدیق، امیگریشن کا عمل کراچی ایئرپورٹ پر ہوگا، معاہدے کے تحت پاکستانی حجاج کو ای ویزہ دیا جائے گا۔