مسلمان متحد ہوں اور باطل سے دور رہیں، خطبہ حج

میدان عرفات میں حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کیا جا رہا ہے شیخ یوسف بن سعید نے مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلمان متحد ہوں اور باطل سے دور رہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق 20 لاکھ سے زائد عازمین حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کرنے کے لیے میدان عرفات میں موجود ہیں۔ مسجد نمرہ میں سعودی بزرگ علما کونسل کے شیخ یوسف بن سعید حج کا خطبہ دیا اور مسلمانوں کو باطل سے دور رہنے اور متحدہ ہونے کا پیغام دیا۔

شیخ محمد یوسف نے خطبہ حج کا آغاز تمام مسلمانوں کو متحد ہونے کے پیغام سے دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے تفرقہ ڈالنے سے منع کیا ہے اور اس کا حکم ہے کہ تمام مسلمان متحد ہوں۔

انہوں نے کہا کہ شیطان چاہتا ہے کہ مسلمانوں میں تفرقہ پیدا ہو۔ مسلمان کیلیے باطل سے دور رہنا لازم ہے اور حج کے اجتماع کا بھی یہ پیغام ہے کہ مسلمان مل جل کر رہیں، مل جل کر رہنے میں رحمت اور الگ الگ رہنے میں مصیبت ہے۔ اتفاق پیدا کرنا معاشرے، خاندان اور ہر فرد کی ذمے داری ہے، اللہ تعالیٰ نے والدین، میاں بیوی اور بچوں کے حقوق واضح کیے ہیں، اگر اختلاف ہو تو ہمیں حکم دیا گیا ہے کہ قرآن و سنت کی طرف جائیں۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں صبر کی تلقین ہے۔

شیخ محمد یوسف نے مزید کہا کہ مسلمانوں کیلیے ضروری ہے کہ اچھے اخلاق رکھیں، اچھے کام میں تعاون کریں اور گناہوں میں معاونت کرنے سے خود کو بچائیں۔ کوئی تمہارے ساتھ نیکی کرے تو اس کےساتھ بھی نیکی کرو، مسلمان کے لیے اللہ کے حکم کو پورا کرنا اور اس کا خوف اختیار کرنا لازم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حاکمیت اور حقیقی حکمرانی اللہ تعالیٰ کی ذات ہے۔ مسلمانوں کو حکم دیا گیا ہے کہ اللہ کی اطاعت کرو اور حدود اللہ کا خیال رکھو۔ اللہ کی حدود کی حفاظت کا مطلب ہے کہ ہم صرف ایک اللہ کی عبادت کریں۔ اللہ کی عبادت ایسے کرو جیسے اللہ آپ کو دیکھ رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر پیغمبر نے آکر یہی دعوت دی کہ اللہ کی بندگی کرو۔ مسلمانوں کو نماز، روزہ، زکوة اور بیت اللہ کے حج کا حکم اللہ نے دیا ہے۔ اللہ کی وحدانیت اور رسولﷺ کی رسالت کی گواہی دینا اسلام ہے۔ حضورﷺ نے فرمایا کسی عربی کو عجمی پر اور عجمی کو عربی پر فوقیت حاصل نہیں۔ سیّد المرسَلین صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم نے ارشاد فرمایا:ایک مسلمان دوسرے مسلمان کے لئے عمارت کی طرح ہے جس کی ایک اینٹ دوسری اینٹ کو مضبوط کرتی ہے۔

شیخ محمد یوسف نے حجاج کرام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن تمام مسلمانوں کیلئے دعائیں کرنا لازم ہے، تمام حجاج اپنی دعاؤں میں لوگوں کو کثرت سے یاد کریں اور خادمین حرمین شریفین کیلیے بھی دعا کریں جنہوں نے یہ انتظامات کیے۔

انہوں نے خطبے کے اختتام پر دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام مسلمانوں کی مغفرت فرمائے، ان کے رزق میں برکت عطا فرمائے، شر سے محفوظ رکھے۔

خطبہ حج کے بعد مسجد نمرہ میں حجاج ظہر اور عصر کی نماز ایک اذان اور دو تکبیرات کے ساتھ ادا کی۔ اس موقع پر سعودی حکومت کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔