کراچی: سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی تبدیلی کے معاملے پر حلیم عادل شیخ کا بیان آگیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ کچھ روز سے وزیر اعلیٰ اور سندھ کے وزرا کا اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر بڑا شور ہے اور اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی پر تبصرے کیے جارہے ہیں، تبصرے پر کوئی پابندی نہیں ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ بیٹھ کر بات کریں گے وہ جب بھی بلوائیں گے میں مشاورت کے لیے آجاؤں گا۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ نگراں سیٹ اپ کے لیے وزیر اعلیٰ، اپوزیشن لیڈر کو مشاورت کرنی ہوتی ہے جس کے لیے وہ خط لکھیں گے تو ویلکم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ضمانت پر ہوئے یا جیل میں ہوئے مشاورت کے لیے ضرور آئیں گے، آپ کو راجا ریاض جیسا اپوزیشن لیڈر چاہیے تو ان جیسے بہت اسمبلی میں ہیں۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ اگر آپ چاہتے ہیں آئینی طریقے سے مشاورت ہو تو ہم تیار ہیں، اپوزیشن لیڈر کے لیے جو بھی عمل ہے میں اس میں شامل ہونے کو تیار ہوں۔