حماس حملے میں ایک فوجی ہلاک اور3 زخمی ہوئے، اسرائیل

غزہ میں ہونے والے تازہ حملے کے حوالے سے اسرائیلی فوج نے اعتراف کیا ہے کہ حماس نے ایک ٹینک اور بکتر بند پرحملہ کیا ہے جس میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک اور3 زخمی ہوئے۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے تصدیقی بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینیوں نے ایک ٹینک اور بکتر بند پرحملہ کیا ہے، فلسطینیوں کے حملے میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک اور3 زخمی ہوئے ہیں۔

دی ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوجی ترجمان ریئر ایڈمرل ڈینیئل ہگاری کا کہنا ہے کہ اسرائیلی گاڑیوں کو ٹینک شکن میزائل سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

آئی ڈی ایف کے مطابق حماس کے جنگجوؤں نے کسوفیم کی جنوبی کمیونٹی کے قریب سرحدی باڑ کے مغربی جانب کام کرنے والے اسرائیلی ٹینک اور انجینئرنگ گاڑی پر ٹینک شکن گائیڈڈ میزائل داغا۔

اس کے علاوہ فلسطینی شہر نابلس کے مغرب میں فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں، مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیل فوج کی فائرنگ سے 2فلسطینی شہید اور 3زخمی ہوئے۔

آئی ڈی ایف کا کہنا ہے کہ حماس نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی جبکہ اسرائیل کے ایک ٹینک نے جواب میں حماس کے ٹھکانے پر گولہ باری کی۔

یاد رہے کہ اسرائیلی فوج کی غزہ کی پٹی میں داخل ہونے کی کوشش ناکام ہوگئی، اسرائیلی فوجی غزہ میں داخل ہوتے ہی حماس کی فائرنگ کی زد میں آگئے انہوں نے واپس بھاگ کر اپنی جان بچائی، اسرائیلی فوجیوں کا کہنا ہے کہ غزہ میں جنگجوؤں کے جال میں پھنس گئے تھے۔