حماس کا آئندہ چند دنوں میں مزید چند غیرملکی قیدیوں کو چھوڑنے کا اعلان

حماس ابو عبیدہ

غزہ : حماس نے آئندہ چند دنوں میں مزید چندغیرملکی قیدیوں کوچھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ابھی شروعات ہے، ہمیں ابھی بہت کچھ کرنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان حماس ابو عبیدہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ثالثی کرنے والوں کو آگاہ کردیا ہے چند دن میں کچھ مزید غیرملکیوں کو رہا کردیں گے۔

ترجمان حماس کا کہنا تھا کہ غزہ میں اسرائیل کے ساتھ تین محازوں پر جنگ جاری ہے، جس میں متعدد اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک اور زخمی کیا ہے، ہمارے مجاہدین نے حملہ آوروں کے شروع کیے گئے زمینی حملوں میں بائیس فوجی گاڑیاں تباہ کر دی ہیں اور کئی غاصب فوجی مارے گئے ہیں۔

اسرائیلی وزیرِا عظم نتن یاہو کو مخاطب کرتے ہوئے ابو عبیدہ نے کہا کہ نیتن یاہو! تم گھٹنے ٹیکو گے اور یہ جنگ تمہارا خاتمہ ہو گی، تم جنگ کے ایک ماہ بعد، ایک قیدی رہا کروا کر (جو حقیقت میں جھوٹ تھا) کا جشن منا رہے ہو، تاہم اس طرح تو تمہیں اپنے تمام قیدیوں کو چھڑوانے کے لیے بیس سال درکار ہوں گے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ یہ تو ابھی شروعات ہے۔ ہمیں ابھی بہت کچھ کرنا ہے، غزہ غاصبوں کی قبر بن جائے گا اور ہماری مزاحمت اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے جاری رہے گی۔

حماس کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس نے پہلی بار مقامی طور پر غزہ میں تیار کردہ الآصف گائیڈڈ تارپیڈو کا سیہونی فورسز کے خلاف استعمال کیا۔