نواز شریف نے معصوم چہرہ بنا کر قوم کو بے وقوف بنانے کی کوشش کی، حماد اظہر

نواز شریف

لاہور: رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حماد اظہر نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے پنجاب کیلیے بجلی کی قیمت میں کمی کے اعلان پر اپنے ردعمل کا اظہار کر دیا۔

حماد اظہر نے اپنے ردعمل میں کہا کہ نواز شریف نے معصوم چہرہ بنا کر قوم کو بے وقوف بنانے کی کوشش کی، وہ کہتے ہیں کہ ان کے دور میں ڈالر 105 روپے کا تھا، سوال پوچھتا ہوں کہ ڈالر کو 105 روپے پر کیسے رکھا؟

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ نواز شریف نے 30 ارب ڈالر مصنوعی ایکسچینج ریٹ کو برقرار رکھنے کیلیے مختص کیا، اس پالیسی کے باعث 2017/2018 کے درمیان معاشی بحران آیا جبکہ 2013/2014 کے دوران پوری دنیا میں ایکسپورٹ بڑھی لیکن نواز شریف کے زمانے میں ایکسپورٹرز میں واضح کمی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ 2013 میں بجلی کے نرخ 16 روپے یونٹ تھے جبکہ نواز شریف کے زمانے میں بجلی کے نرخ 60 روپے یونٹ تک گئے۔

حماد اظہر کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو سال کے دوران بھی نواز شریف کا ہی دور رہا، اس دور کے دوران ان کے بھائی شہباز شریف وزیر اعظم رہے۔

یاد رہے کہ لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نواز شریف نے 500 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کیلیے فی یونٹ قیمت میں 14 روپے کمی کا اعلان کیا ہے۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے فراہم کردہ اس سہولت سے 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین فائدہ اٹھا سکیں گے، عوام کو اگست اور ستمبر کے بلوں میں اس حوالے سے فوری ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کیلیے 45 ارب روپے مختلف شعبوں سے نکال کر اس پروگرام میں ڈالے جا رہے ہیں، ریلیف دینے پر مریم نواز کو شاباشی پیش کرتا ہوں اور وزیر اعظم شہباز شریف سے بھی کہتا ہوں کہ وہ عوام کیلیے بہت درد رکھتے ہیں اس لیے ان کے سکون کیلیے اقدامات کریں۔