اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب کی صدارت سے استعفے پر پارٹی کے سکیریٹری جنرل عمر ایوب کا ردعمل سامنے آگیا۔
عمر ایوب نے سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر حماد اظہر کے ٹوئٹ کے جواب میں لکھا کہ آپ نے پارٹی اور بانی کیلیے انتھک محنت کی لہٰذا آپ کا استعفیٰ منظور نہیں کیا جاتا۔
اس کے جواب میں حماد اظہر نے لکھا کہ آپ کے اعتماد کا شگر گزار ہوں لیکن میرا فیصلہ پختہ ہے، ایسے حالات میں مزید ذمہ داری جاری نہیں رکھ سکتا۔
انہوں نے کہا کہ جہاں میرے پاس کوئی اختیار نہیں لیکن مکمل ذمہ داری ہے، ایسے پیغام رساں کے ذریعے گزارہ مشکل ہے جب تک پارٹی سربراہ تک خود رسائی نہ ہو۔
قبل ازیں، سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے پی ٹی آئی پنجاب کی صدارت سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔
سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس پر حماد اظہر نے اپنے بیان میں لکھا تھا کہ بدقسمتی سے میری بانی پی ٹی آئی تک رسائی نہیں ہے، میں نے پریس کانفرنس نہیں کی اور نہ ہی کوئی ڈیل کی۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا تھا کہ میری نقل و حرکت پر بہت سختی ہے اڈیالہ نہیں جا سکتا، پنجاب کی تنظیم میں ایسے فیصلے ہوئے جن پر نہ میری رائے اور نہ رضا مندی شامل تھی، ان میں اکثر فیصلے ایسے بھی تھے جن پر میرٹ کی بجائے لابنگ تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی تک محدود رسائی اور یکطرفہ معلومات پہنچائی گئیں۔