اسلام آباد: بلوچستان کے ایک ’مسنگ پرسن‘ کا سراغ مل گیا،پی سی ہوٹل گوادر پر حملہ آور ہونے والے دہشت گردوں میں سے حمل خان مری بھی لاپتہ افراد کی فہرست میں شامل تھا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بلوچستان کے شہرگوادر میں پی سی ہوٹل پرہونے والے تینوں حملہ آورسیکیورٹی فورسزکے کلین اپ آپریشن میں مارے گئے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مارے جانے والے تینوں دہشت گردوں میں سے ایک کو 2016 میں بلوچ قوم پرست پارٹی کی ویب سائٹ پرحمل خان مری کو مسنگ پرسن قرار دیا گیا تھا۔
حمل خان مری کی نام نہاد گمشدگی پر بلوچ قوم پرست پارٹی کی جانب سے پروپیگنڈہ پر مبنی مہم بھی چلائی گئی تھی ۔ قوم پرستوں کی جانب سے الزام عائد کیا گیا تھا حمل خان کو سیکیورٹی اداروں نے لاپتہ کیا ہے۔
گزشتہ روز گوادر کے پرل کانٹینٹل ہوٹل میں تین حملہ آور داخل ہوگئے تھے ۔ حملے کے فوراً بعد فورسز کی بھاری نفری نے ہوٹل کو گھیرے میں لے لیا، فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان مقابلہ ہوا ، جس کے بعد فورسز نے انہیں مار گرایا۔ فورسز کے مطابق دہشت گردوں کے پاس بھاری اسلحہ اور راکٹ لانچر بھی تھا۔