میرا نام ای سی ایل سے نکالا جائے: حمزہ شہباز نے ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا

حمزہ شہباز

لاہور : مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز  نے ای سی ایل سے نام نکلوانے کے لئے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے، حمزہ شبہاز نے اپنی درخواست میں وزارت داخلہ، ایف آئی اے، ڈی جی امیگریشن اور نیب کو فریق بنایا ہے۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کا نام غیر قانونی طور پر ای سی ایل میں شامل کیا گیا.

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ نیب کی تفتیش میں مکمل تعاون کیا، طبی وجوہات کی بنا پر بیرون ملک جانا چاہتا ہوں، عدالت ای سی ایل سے نام نکالنے کا حکم دے۔

مزید پڑھیں: کرپشن ریفرنس ، شہباز شریف کے بعد ان کے بیٹے حمزہ شہباز کےگرد گھیرا تنگ

یاد رہے کہ اس وقت شریف خاندان کے مختلف افراد کو بدعنوانی کے الزامات کے تحت  مقدمات کا سامنا ہے، جن میں شہباز شریف کے صاحب زادہ حمزہ شہباز بھی شامل ہیں.

خیال رہے کہ 11 جنوری 2019 کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے چنیوٹ میں رمضان شوگر ملز کیس کا ریفرنس مکمل کرکے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو ملزم نامزد کیا تھا، چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد ریفرنس عدالت میں دائر کیا جائے گا۔