حمزہ شہبازلندن سے وطن واپس پہنچ گئے

Hamza Shehbaz

لاہور: پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز وطن واپس پہنچ گئے، سانحہ ماڈل ٹاؤن جے آئی ٹی نے انہیں آج طلب کررکھا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز آج صبح غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز کیو آر 628 سے براستہ دوحہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے۔

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہبازکے خلاف مختلف مقدمات میں نیب کی تحقیقات جاری ہیں، لاہورہائی کورٹ کے حکم پرحمزہ شہبازکا نام ای سی ایل سے نکالا گیا تھا۔

خیال رہے کہ 3 فروری کو مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہبازشریف قطرایئرویز کی پرواز 629 کے ذریعے لندن روانہ ہوئے تھے، انہیں 10 دن بیرون ملک قیام کی اجازت دی گئی تھی۔

حمزہ شہباز کو بیرون ملک مزید 14دن قیام کی اجازت مل گئی

بعدازاں 11 فروری کو لاہورہائی کورٹ نے حمزہ شہباز کو بیرون ملک مزید چودہ دن کے قیام کی اجازت دی تھی، حمزہ شہباز نے بیٹی کی خراب طبیعت کی وجہ سے لندن میں مزید قیام کی اجازت طلب کی تھی۔

واضح رہے کہ 11 جنوری 2019 کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے چنیوٹ میں رمضان شوگر ملز کیس کا ریفرنس مکمل کرکے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو ملزم نامزد کیا تھا، چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد ریفرنس عدالت میں دائر کیا جائے گا۔