پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ میں عوامی جب کہ پرویز الہٰی عدالتی وزیراعلیٰ ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے پنجاب اسمبلی پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں عوامی جب کہ پرویز الہٰی عدالتی وزیراعلیٰ ہیں۔ اسپیکر کا انتخاب ہم جیتنے کی پوری کوشش کریں گے لیکن وہی ہوگا جو منظور خدا ہوگا۔
حمزہ شہباز نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ عدالتی وزیراعلیٰ کے بارے میں آپ نے خود ہی فرما دیا۔ ہم تو اسمبلی کے وزیراعلیٰ ہیں باقی معاملات اللہ تعالیٰ بہتر فرمائیں گے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کالعدم قرار، پرویز الہٰی نئے وزیراعلیٰ پنجاب ہوںگے
اس سے قبل 22 جولائی کو وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں پرویز الہٰی نے 186 جب کہ حمزہ شہباز نے 179 ووٹ حاصل کیے تھے۔ تاہم ڈپٹی اسپیکر نے ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت کے خط کی بنیاد پر ق لیگ کے 10 ووٹ مسترد کرتے ہوئے حمزہ شہباز کی کامیابی کا اعلان کیا تھا۔