اسلام آباد: سابق سفیر حسین حقانی کے بیان پر سینیٹ میں بحث کے دوران سینیٹر عبدالقیوم نے کہا ہے کہ حسین حقانی نے اپنی کتاب میں افواج کو تنقید کا نشانہ بنایا وہ تواتر کے ساتھ ایسے بیانات دیتے رہتے ہیں۔
سینیٹ اجلاس میں ہونے والی بحث کے دوران سینیٹر عبدالقیوم نے کہا کہ حسین حقانی تواتر کے ساتھ پاک فوج کو نشانہ بناتے آئے ہیں، انہوں نے مختلف اوقات میں ایسے بیانات دیے جن کی وجہ سے افواج پر تنقید ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ سابق سفیر نے اپنی کتاب میں افواج کو تنقید کا نشانہ بنایا، سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ایسے شخص کو اتنے اہم عہدے پر کیسے اور کیوں بھیجا گیا، دیکھنا ہوگا حسین حقانی کو جب سفیر لگایا گیا تو اُن کی قابلیت کیا تھی؟۔
پڑھیں: ’’ امریکی ایجنٹوں کو ویزا دینے کے لیے حکومت پر زور نہیں دیا، حسین حقانی ‘‘
یاد رہے گزشتہ دنوں سابق سفیر نے امریکی اخبار میں ایک آرٹیکل لکھا تھا، جس میں انہوں نے اسامہ کی ہلاکت اور ایبٹ آباد آپریشن کے حوالے سے کچھ باتیں تحریر کی تھیں۔
بعد ازاں پاکستانی میڈیا پر جب اس بات شور اٹھا تو حسین حقانی صفائی دینے آئے اور مؤقف اختیار کیا کہ ’’میرے آرٹیکل کو غلط تناظر میں پیش کیا گیا ، تحریر میں ایسی کوئی بات نہیں لکھی جیسی بیان کی جارہی ہے‘‘۔