سعودی عرب صحرائے عرب میں واقع ایک ریگستانی ملک ہے لیکن حالیہ چند سالوں میں تواتر سے ہونے والی بارشوں نے اس ملک کا رنگ وروپ ہی تبدیل کر دیا ہے۔
سعودی عرب صحرائے عرب میں واقع ملک ہے جہاں بے آب وگیاہ پہاڑ، ریتیلے میدان اور چٹانیں پائی جاتی ہیں لیکن یہ سب کچھ چند سال قبل تھا۔ گزشتہ کئی سالوں سے صحرائے عرب میں جاری بارشوں کے متواتر سلسلے نے اس صحرائی ملک کا نقشہ ہی تبدیل کر دیا ہے اور بے آگ و گیاہ پہاڑ اور میدان سبزے کو چولا پہن کر انتہائی دلکش مناظر پیش کرتے ہیں۔
سعودی حکومت کی جانب سے رائرین حج وعمر کے لیے حرمین ٹرین سروس شروع کی گئی۔ مکہ سے مدینہ منورہ براستہ جدہ جانے والی اس ٹرین کے مسافروں کو پہلے ٹرین سے باہر چٹیل اور خشک میدان اور پہاڑ ہی نظر آتے تھے لیکن اب اس ٹرین کے مسافر مکہ سے مدینہ منورہ تک سبزہ زاروں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
حرمین ٹرین کے مسافر بالخصوص وہ مسافر جو چند سال قبل یہاں آئے تھے جیسے ہی مکہ مکرمہ کی حدود میں داخل ہوتے ہیں تو ہر طرف سبزہ ہی سبزہ دیکھ کر حیران رہ جاتے ہیں اور یہ قدرتی نظارے اس قدر دلکش ہوتے ہیں کہ پہلی نظر میں یہ گمان ہوتا ہے کہ شاید یہ سعودی عرب نہیں ہے۔
یاد رہے کہ عالمی موسمیاتی تبدیلی نے سعودی عرب سمیت اطراف کے خطہ عرب کے دیگر ممالک میں یہ خوشگوار تبدیلی کی ہے کہ اب وہاں آئے روز آسمان سے بارش برستی ہے جو بنجر زمین کو لہلاتی سر زمین میں تبدیل کر رہی ہے ۔ ان دنوں بھی مملکت کے کئی علاقے بارشوں کی لپیٹ میں ہیں۔