سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ نے کہا ہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 میں بھارتی ٹیم کو اپنے آئندہ مقابلے میں پاکستان سے زیادہ دباؤ کا سامنا کرنا پڑے گا۔
پاک بھارت ٹاکرے سے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے ہربھجن سنگھ نے کہا کہ یہ بہت زیادہ دباؤ کا میچ ہو گا، پاکستان پر انڈیا جتنا دباؤ نہیں ہو گا کیونکہ بھارت اپنی سرزمین پر کھیلے گا، اس لیے اس دباؤ کو سنبھالنا اور جذب کرنا اور وہاں سے جیت کر سب کے چہروں پر مسکراہٹ لانا غیرمعمولی بات ہوگی۔
سابق کرکٹر نے تسلیم کیا کہ ہندوستان اور پاکستان کے میچ کا کوئی ثانی نہیں، دونوں ٹیموں کے درمیان 2011 کا سیمی فائنل میچ بہت زیادہ اہمیت کی وجہ سے فائنل جیسا محسوس ہوا۔
انہوں نے کہا کہ انڈیا بمقابلہ پاکستان اس سے بڑا کچھ نہیں ہو سکتا مجھے وہ میچ یاد ہے اگر میں 2011 کی بات کروں تو میرے مطابق سیمی فائنل نام کے لحاظ سے میچ ضرور تھا لیکن یہ فائنل لگ رہا تھا۔