اسلام آباد: کینیڈا میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے ہاتھوں قتل ہونے والے خالصتان حامی سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کا معاملہ سینیٹ پہنچ گیا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر گردیپ سنگھ نے ہردیپ سنگھ نجر کے قتل پر تحریک جمع کروا دی جس میں معاملے کو زیرِ بحث لانے کا مطالبہ کیا گیا۔
تھریک کے متن کے مطابق بھارت بطور ریاست دنیا بھر میں دہشتگردی کا نہ صرف مرتکب ہوا بلکہ فروغ دیتا رہا ہے، پاکستان ایک طویل عرصے سے بھارتی دہشتگردی کا شکار رہا ہے، بھارتی دہشتگردی کی حقیقت کھل کر ساری دنیا کے سامنے آگئی۔
یاد رہے کہ کینیڈا میں ہردیب سنگھ نجر نامی خالصتان حامی رہنما کے قتل میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ ملوث ہے جس کے شواہد کینیڈین حکومت کے پاس موجود ہیں۔
کینیڈا اور بھارت کے تعلقات میں کشیدگی ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتی جا رہی ہے اور دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے سفرا کو ملک بدر کر دیا ہے۔
امریکا نے معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارت کو کینیڈا کی حکومت کے ساتھ تعاون کرنے کی ہدایت کی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیوملر نے اپنے بیان میں کہا کہ ہردیپ سنگھ نجر کے قتل پر کینیڈین وزیر اعظم جسٹس ٹروڈو کے بیانات کے بعد شدید تشویش ہے، قتل پر کینیڈین شراکت داروں سے رابطے میں ہیں۔
میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ ہردیپ سنگھ نجر کا قتل حساس معاملہ ہے اور تحقیقات انتہائی اہم ہیں، جس پر امریکا کو شدیدتشویش ہے، قتل کے ذمہ داران کو سامنے لانا ضروری ہے، بھارت کو کینیڈا کے ساتھ تعاون کرنے کا کہا ہے۔