بھارتی ٹیم کے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا اور اہلیہ نتاشا اسٹینکووچ کے درمیان علیحدگی کی افواہوں سے متعلق جوڑے کے قریبی دوست نے حیران کُن انکشاف کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہاردک پانڈیا اور نتاشا اسٹینکووچ کے قریبی دوست کا کہنا ہے کہ دونوں کے تعلقات میں خرابی کی وجہ ہاردک بنے تاہم نتاشا بھی تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے تیار دکھائی نہیں دیتیں۔
جوڑے کے دوست کا کہنا ہے کہ ’کسی کو نہیں معلوم کہ آنے والے دنوں میں کیا ہوگا لیکن اس وقت ہاردک اور نتاشا اپنے تعلقات کو بہتر نہیں کرنا چاہتے اور شاید یہ تعلق اب برقرار نہ رہے‘۔
واضح رہے کہ ہاردک اور نتاشا کے درمیان علیحدگی کی افواہیں آئی پی ایل 2024 سے گردش کررہی ہیں تاہم دونوں کی جانب سے اس کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے۔
اس سے قبل ہاردک پانڈیا نے ٹی 20 ورلڈ کپ کا جشن مناتے ہوئے بیٹے اگستیا کے ساتھ تصاویر شیئر کیں تھیں جس کے بعد مداحوں نے سوال پوچھنا شروع کردیے تھے کہ بھابھی جی کدھر ہیں۔
یاد رہے کہ ہاردک پانڈیا اور سربین اداکارہ نتاشا اسٹینکووچ مئی 2020 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے ان کا ایک بیٹا اگستیا ہے۔