کرکٹ کھیلنے جارہے ہیں، جنگ تھوڑی لگی ہے، حارث رؤف

حارث رؤف

قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف کا کہنا ہے کہ بھارت کرکٹ کھیلنے جارہے ہیں جنگ تھوڑی لگی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے فاسٹ بولر حارث رؤف کی ویڈیو شیئر کی گئی جس میں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنی فٹنس سے متعلق بتایا اور دیگر سوالات کے جوابات دیے۔

صحافی نے حارث رؤف سے سوال کیا کہ ’پاکستانی کی بولنگ ورلڈ کلاس ہے لیکن شائقین کرکٹ کو ایک شکوہ رہتا ہے کہ اب فاسٹ بولرز بیٹرز کی آنکھوں میں دیکھ کر ایگریشن نہیں دکھاتے۔؟‘

حارث رؤف نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ’آپ کیا چاہتے ہیں کہ ہم ان کے ساتھ لڑائی کرلیں، کرکٹ کھیل رہے ہیں جنگ تھوڑی لگی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایگریشن بالکل نظر آتا ہے، ہم لوگوں کو نہیں دیکھتے کہ لوگ ہم پر یقین کریں یا نہ کریں، ہم اچھی ٹیم ہیں اور ورلڈ کپ میں 100 فیصد کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں حارث رؤف نے کہا کہ نیا گیند یا پرانے گیند سے بولنگ کرنا میرے ہاتھ میں نہیں ہے، جب بھی بولنگ کرنے کا چیلنج ملے گا میں اسے قبول کروں گا، اس سے فرق نہیں پڑتا کہ نئے گیند سے بولنگ کررہا ہوں یا پرانے گیند سے بولنگ کررہا ہوں، میں ٹیم کے لیے بولنگ کررہا ہوتا ہوں۔

حارث رؤف نے کہا کہ ٹیم کے اوپر منحصر ہے کہ وہ مجھے کہاں بولنگ کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں، میں اپنا سو فیصد دینے کی کوشش کروں گا۔

سابق فاسٹ بولر محمد آصف کی جانب سے قومی ٹیم کی بولنگ کو ایوریج قرار دینے کے سوال پر حارث رؤف نے کہا کہ میں نے ایسی کوئی بات نہیں سنی اگر انہوں نے کہا ہے تو انہیں لگتا ہوگا میں اس پر کیا کہہ سکتا ہوں۔