لندن: قومی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز حارث سہیل انگلینڈ کے خلاف جاری ون ڈے سیریز میں عمدہ کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز حارث سہیل نے کہا کہ کوشش کروں گا آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کی طرح یہاں بھی پرفارم کروں، انگلینڈ کی ٹیم نمبر ون ہے، اس کی بولنگ بھی اچھی ہے، ورلڈ کپ سے قبل انگلینڈ کے خلاف کھیل کر فائدہ ہوگا۔
پہلے میچ سے متعلق حارث سہیل نے کہا کہ کنڈیشنز بولرز کو سپورٹ کررہی تھیں لیکن بعد میں میرے اور امام الحق کے درمیان پارٹنر شپ لگی پر بارش کی وجہ سے پورا موقع نہ مل سکا، بقیہ میچز میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔
مزید پڑھیں: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جانے والا پہلا ون ڈے میچ بارش کی نذر
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جانے والا پہلا ون ڈے میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا تھا۔
پاکستان نے 19 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 80 رنز بنائے تھے، میچ منسوخی سے قبل امام الحق 42 اور حارث سہیل 14 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے، فخر زمان 3 اور بابر اعظم 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز کی دوسرا ون ڈے میچ 11 مئی کو ساؤتھ ہمٹن میں کھیلا جائے گا، دوسرے ون ڈے میں شعیب ملک کی بھی ٹیم میں شمولیت کا امکان ہے۔