خادمِ حرمین شریفین کا ایک ہزار فلسطینی شہداء کے اہل خانہ کو حج کروانے کا اعلان

حج رجسٹریشن پاکستان

خادمِ حرمین شریفین نے ایک ہزار فلسطینی شہداء کے اہل خانہ کو ذاتی خرچ پر حج کروانے کا اعلان کیا ہے۔

ترجمان سعودی سفارتخانہ اسلام آباد کے مطابق خادمِ حرمین شریفین نے سال 1446 ہجری کے حج کے لیے فلسطینی شہداء، قیدیوں اور زخمیوں کے اہلِ خانہ میں سے ایک ہزار افراد کو اپنے ذاتی خرچ پر حج کرانے کی ہدایت جاری کردی ہیں۔

سعودی سفارتخانے کے ترجمان نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ دلی ہمدردی کا ثبوت ہے بلکہ امتِ مسلمہ کے اتحاد و اخوت کی روشن مثال بھی ہے۔

واضح رہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے ہر سال مختلف ممالک کے شہداء اور متاثرہ خاندانوں کے لیے خصوصی حج پروگرام ترتیب دیا جاتا ہے، جبکہ رواں برس فلسطینی عوام کے لیے یہ قدم اس وقت اٹھایا گیا ہے جب غزہ اور مغربی کنارے میں ظلم و ستم کی شدت بڑھتی جا رہی ہے۔