ہرمن پریت کور کو بدتمیزی مہنگی پڑ گئی، آئی سی سی نے سزا سنادی

ہرمن پریت کور

ڈھاکا: بنگلہ دیش کے خلاف تیسرے ون ڈے میچ میں وکٹ پر بیٹ مارنے اور امپائر سے الجھنے پر آئی سی سی نے بھارتی ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور کو سزا سنادی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھارتی ویمن ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور پر دو میچ کے لیے پابندی عائد کردی ہے، گزشتہ روز ہرمن پریت کور پر میچ فیس کا 75 فیصد جرمانہ اور تین ڈی میرٹ پوائنٹس دیے گئے تھے۔

واضح رہے کہ ہرمن پریت کور نے میچ میں آؤٹ ہونے کے بعد وکٹ پر بیٹ مارا تھا اور امپائرز اور حریف کھلاڑیوں سے بحث بھی کی تھی۔

بنگلہ دیش سے سیریز کے تیسرے ون ڈے میں کامیابی سے محرومی پر بھارتی کپتان نے ناقص امپائرنگ پر غصے کا اظہار کیا تھا جبکہ میچ کے اختتام پر انھوں نے آن فیلڈ امپائرز کو ٹیم کے ٹرافی کے ہمراہ فوٹو سیشن میں شریک ہونے کا بھی کہا تھا، تیسرا میچ ٹائی ہوجانے پر ٹرافی دونوں ملکوں نے شیئر کی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق بنگلہ کپتان نگارسلطانہ نے بھارتی ہم منصب کے رویے سے متعلق سوال پر کہا کہ انھیں زیادہ بہتر رویے کا مظاہرہ کرنا چاہیے، کرکٹ ڈسپلن اور قدر کرنے کا ہی نام ہے، کھیل میں امپائرز کا فیصلہ ہی حتمی ہوتا ہے چاہے وہ ہمیں پسند ہی کیوں نہ آئے، انھوں نے ہماری پلیئرز سے متعلق ناراضی کا اظہار نہیں کیا ہے، لہذا اس معاملے پر ہمارا زیادہ کچھ کہنا نامناسب ہوگا۔

خیال رہے کہ ہرمن پریت کور کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ وکٹ پر بیٹ مار رہی تھی اور پھر امپائرز بنگلہ دیشی امپائر کو ٹیم کے ساتھ ٹرافی کے فوٹو سیشن میں بھی شریک ہونے کا کہہ رہی تھیں۔