دورہ آسٹریلیا میں کھلاڑیوں کے سونے کا معاملہ، محمد حفیظ کے بیان پر حسن علی بول پڑے

حسن علی

سابق ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ کے دورہ آسٹریلیا میں کھلاڑیوں کے سونے کے بیان  پر فاسٹ بولر حسن علی بھی بول پڑے۔

قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی نے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں واقعی نہیں جانتا کہ کون سویا ہوا تھا کون نہیں، البتہ اتنا ضرور معلوم ہے کہ اگر آپ ایسا کچھ کرتے ہیں تو آپ اس ٹیم کا حصہ نہیں بن سکتے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے میچ میں ٹیم میں شامل نہیں تھا لیکن میرے علاوہ جو کھلاڑی بھی پلیئنگ الیون میں شامل نہیں تھے وہ بھی ڈریسنگ روم میں بیٹھ کر میچ دیکھ رہے تھے، یہاں تک کہ ٹیم مینجمنٹ بھی میچ دیکھ رہی تھی۔

حسن علی نے کہا کہ فاسٹ بولرز کے لیے کہنا چاہوں گا کہ جب ڈیڑھ دن بولنگ کرتے ہیں تو آپ تھک جاتے ہیں اور 20 سے 30 منٹ نیند لے سکتے ہیں۔

فاسٹ بولر نے کہا کہ ماضی میں ٹیم مینجمنٹ نے اصول بنایا تھا کہ اگر فاسٹ بولرز کو نیند کی ضرورت ہو تو وہ نیند پوری کرسکتا ہے لیکن محمد حفیظ نے ٹیم ڈائریکٹر بننے کے بعد کہا تھا کہ کوئی نہیں سوئے گا۔

واضح رہے کہ محمد حفیظ نے فروری 2024 تک ٹیم ڈائریکٹر کی ذمہ داریاں انجام دی تھیں۔

یاد رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران پوڈ کاسٹ میں محمد حفیظ نے انکشاف کیا تھا کہ دورہ آسٹریلیا کے چار سے پانچ کھلاڑی ڈریسنگ روم میں سو رہے تھے۔