دبئی سے کراچی آنے والا ہاشم نامی شخص پولیس ناکے پر قتل، ایک ماہ قبل شادی ہوئی تھی

رپورٹر: عدنان راجپوت

کراچی: دبئی سے کراچی آنے والے ہاشم نامی شخص کو پولیس ناکے پر قتل کر دیا گیا، مقتول کی ایک ماہ قبل شادی ہوئی تھی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے منگھوپیر چنگی موڑ پر پولیس کی مبینہ فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا، جاں بحق شخص کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی، جس کی شناخت محمد ہاشم کے نام سے ہوئی ہے، ہاشم نارتھ ناظم آباد بلاک ایس خلیل آباد کا رہائشی تھا۔

اہل خانہ نے الزام لگایا ہے کہ مقتول کو گشت پر مامور پولیس اہلکاروں نے روکنے کے دوران گولیاں ماری، مقتول کے ماموں رستم نے عباسی شہید اسپتال میں میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ہاشم 15 سال سے زائد عرصے سے دبئی میں مقیم تھا اور اب شادی کے لیے کراچی آیا ہوا تھا۔

ماموں کا کہنا تھا کہ مقتول کی ایک ماہ قبل شادی ہوئی تھی، اور وہ اپنے دوست کے ساتھ نورانی زیارت کے لیے گیا ہوا تھا، واپس آتے ہوئے نہ رکنے پر پولیس نے دونوں پر فائرنگ کر دی۔

پولیس نے واقعے سے متعلق مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق چنگی پر اے وی ایل سی پولیس کا ناکہ لگا ہوا تھا، ناکے پر موجود پولیس اہلکاروں کی تفصیلات اکھٹی کی جا رہی ہیں، جائے وقوعہ سے گولیوں کے خول بھی برآمد ہو گئے ہیں، اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔