راولپنڈی: اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات فروش گروہوں کے خلاف متواتر کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرتے ہوئے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق اینٹی نار کوٹکس فورس نے منشیات فروش گروہوں کے خلاف 6 مختلف کارروائیوں میں بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر لی ہے جبکہ 4 ملزمان بھی قانون کے شکنجے میں آگئے ہیں۔
ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کا کہنا ہے کہ ٹول پلازہ گوجرانوالہ کے قریب گاڑی سے 93 کلو 600 گرام چرس برآمد کی گئی جبکہ 2 ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ منشیات گاڑی کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی تھی۔
ترجمان نے بتایا کہ کچلاک بائی پاس کوئٹہ کے قریب برساتی نالے سے 50 کلو گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔ اس کے علاوہ خیبر جروبی زخا خیل کے قریب پلاسٹک کے تھیلوں سے 8 کلو چرس برآمد کی گئی۔ میانوالی سے بھی ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا جس کے قبضے سے ایک کلو 200 گرام افیون اور 40 گرام چرس ملی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل کراچی میں کارروائی کے دوران 5 کلوگرام آئس برآمد کی گئی ہے۔ مذکورہ کنٹینر پشاور کی نجی کمپنی کی جانب سے آسٹریلیا کے لئے بک کیا گیا تھا، ترجمان کا کہنا تھا کہ پاک افغان بارڈر چمن پر کارروائی کے دوران ملزم کے بیگ سے 4 کلو مشکوک مواد برآمد ہوا۔
تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ اینٹی نارکوٹکس فورس کے حکام کی جانب سے اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔