حسن ابدال: گاڑی برساتی نالے میں بہہ گئی، ایک ہی فیملی کے 10 افراد سوار تھے

راولپنڈی (30 جولائی 2025): حسن ابدال میں آج صبح افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں گاڑی برساتی نالے میں بہہ جانے سے ایک ہی فیملی کے 10 افراد ڈوب گئے۔

حادثے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر امداد کارروائی کا آغاز کیا اور 5 افراد کو بچا لیا جبکہ دیگر 5 کی تلاش جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گاڑی برساتی نالے میں بہہ گئی، 2 افراد جاں بحق

ریسکیو حکام نے بتایا کہ ریسکیو کی غوطہ خور ٹیم سرچ آپریشن میں مصروف ہیں، 4 خواتین اور ایک بچے کی تلاش جاری ہے۔

22 جولائی کو اسلام آباد میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے فیز فائیو میں کرنل ریٹائرڈ اسحاق قاضی اپنی بیٹی کے ہمراہ کار میں سوار ہو کر گھر سے نکلے تھے کہ سوسائٹی کے برساتی نالے میں کار بند ہونے کے باعث پانی میں بہہ گئی تھی۔

حادثے کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا تھا کہ بے بس باپ گاڑی سے مدد کیلیے پکارتا رہا، کار میں ریٹائرڈ کرنل اسحاق قاضی اوران کی پچیس سال کی بیٹی سوار تھیں۔

24 جولائی کو بہہ جانے والی گاڑی کا بونٹ اور دروازہ مل گیا تھا تاہم باپ بیٹی کی تلاش جاری رہی۔ کشتیوں کے ذریعے غوطہ خوروں اور جدید الات کی مدد سے آپریشن کا آغاز کیا گیا۔

آپریشن جی ٹی روڈ سوا پل سے شروع کیا گیا تو سواں پل کے قریب دریا کے پاس گاڑی کا بونٹ اور دروازہ ملا۔

ریسکیوحکام نے بتایا تھا کہ دریائے سواں میں پانی میں بہاؤ میں کمی کے باعث آپریشن بڑے پیمانے پر جاری رکھا جائے گا، زیر زمین نالوں اور پانی کی دیگر گزرگاہوں پر بھی آپریشن کر رہے ہیں۔