حسن علی انجرڈ، لنکا پریمیئر لیگ سے باہر

حسن علی

قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی انجری کا شکار ہوکر لنکا پریمیئر لیگ سے باہر ہوگئے۔

لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) میں دمبولا اورا کی نمائندگی کرنے والے قومی فاسٹ بولر حسن علی گال ٹائٹنز کے خلاف پلے آف میچ کے دوران انگلی کی انجری کا شکار ہوئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر حسن علی نے مداحوں کو انجری کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ میچ کے دوران لگنے والی چوٹ کے بعد ان کی سرجری ہوئی ہے۔

فاسٹ بولر نے لکھا کہ ’ٹورنامنٹ کا اختتام میرے لیے اچھے انداز میں نہیں ہوا تاہم میں ایونٹ کے کچھ بہترین لمحات کو یاد کرنا چاہوں گا جبکہ مجھے فوری طبی امداد فراہم کرنے پر ٹیم انتظامیہ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔

حسن علی نے مداحوں سے جلد صحت یابی کے لیے دعا کی درخواست کی۔

واضح رہے کہ حسن علی کی ٹیم لنکا پریمیئر لیگ کے فائنل میں پہنچ گئی، دمبولا نے گال ٹائٹنز کے خلاف پہلا کوالیفائر چار وکٹوں سے اپنے نام کیا۔

شکست کے باوجود گال ٹائٹنز کے پاس فائنل میں جانے کا ایک اور موقع ہے، دوسرے کوالیفائر میں محمد حارث، فخر زمان اور آصف علی کی ٹیم کینڈی سے ان کا مقابلہ ہوگا۔

کینڈی نے شعیب ملک کی جافنا کنگز کو ہرا کر ایونٹ سے باہر کردیا، محمد حارث نے 79 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔