لاہور: پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو میں ڈرافٹ کے پہلے راؤنڈ کا پک آرڈر کل طے کیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق پی ایس ایل ڈرافٹ پک آرڈر کے سلسلے میں تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جس میں تمام فرنچائزز کے نمائندگان اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام شرکت کریں گے۔
کل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں منعقد ہونے والی تقریب میں ڈرا اور مخصوص پینل کی جانب سے تبادلہ خیال کیا جائے گا جبکہ پہلے راؤنڈ میں کھلاڑیوں کو روایتی انداز میں اپنے ساتھ شامل کیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق پہلےراؤنڈ کا پک آرڈر طے کرنے کے لیے بیٹ زمین پر رکھ کر فرنچائزز نمائندگان کی باریاں لگائی جائیں گی تاکہ وہ اپنے منتخب کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرسکیں۔
مزید پڑھیں: پی ایس ایل 2020، مقامی کھلاڑیوں کی کیٹیگریز کی تجدید کا عمل مکمل
عام طور پر پاکستان میں سنگل وکٹ کے دوران زمین پر نمبرز لکھ کر بیٹ سے سامنے رکھ کر باری نکالی جاتی ہے، یہ منفرد طریقۂ کار پاکستان میں سکے سے ٹاس کا متبادل بھی سمجھا جاتا ہے۔
پاکستان میں ٹینس اور ٹیپ بال کرکٹ میں اب بھی باری لگانے کا یہ منفرد طریقہ رائج ہے۔ ڈرافٹ کے تمام راؤنڈز کی باری بالترتیب تین نومبر بروز ہفتہ جاری کی جائے گی۔ قانون کے مطابق رواں سال فرنچائز مالکان 8 کھلاڑیوں کو برقرار رکھ سکیں گے ۔ یاد رہے کہ پی ایس ایل کے پانچویں سیزن کا آغاز فروری 2020 میں ہوگا، لیگ کے تمام میچز پاکستان میں ہی کھیلے جائیں گے۔