کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہنا ہے کہ جارحانہ کرکٹ کھیلیں گے اس بار شائقین کو مایوس نہیں کرینگے۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ‘باؤنسر’ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پی ایس ایل کی معروف ٹیم کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا کہ اس بار ٹیمیں متوازن اور مضبوط ہیں۔کراچی کنگز میں بہترین غیر ملکی کرکٹرز کے ساتھ ساتھ اچھی ساکھ والے قومی کرکٹرز بھی موجود ہے جس کے باعث کمبی نیشن اچھا نظر آرہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حریف ٹیم کوئی بھی ہو، ہم نے تگڑی کرکٹ کھیلنی ہے، نتائج ہمارے ہاتھ میں نہیں مگر پر میچ میں بھرپور فائٹ کرینگے،کراچی کنگز اپنے شائقین کو مایوس نہیں کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ٹاپ آرڈرز کو جلد آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے، شاہین آفریدی
کراچی کنگز کے کپتان نے ایونٹ کے ہر میچ کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہماری پہلی ترجیح پلے آف میں جگہ بنانا ہے، ہدف چیمپئن بننا ہے۔
عماد وسیم نے کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ٹیم کو ایک فیملی کی طرح رکھا ہوا ہے۔
کھلاڑیوں کے تکنیک میں بہتری پر صدر کراچی کنگز وسیم اکرم سے متعلق عماد وسیم نے کہا کہ وسیم بھائی لڑکوں کے ساتھ بہت محنت کرتے ہیں جس کے باعث ان کی تکنیک میں بہت بہتری آئی ہے۔
کراچی کنگز کے کپتان نے فاسٹ بولر محمد عامر، آل راؤنڈر شعیب ملک اور عمران طاہر کو کراچی کنگز کے اہم کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان تینوں کرکٹرز نے دنیائے کرکٹ میں راج کیا ہے، امید ہے ان کی ٹیم میں شمولیت جونئیرز کھلاڑیوں کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع فراہم کرے گی۔