کولکتہ: بھارت کی ریاست مغربی بنگال میں خاتون نے اپنے دوست کو بے دردی سے قتل کرنے کے بعد پولیس کو گرفتاری کیلیے طلب کر لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کولکتہ شہر میں 32 سالہ سارتھک داس کو سنہتی پال نامی خاتون نے قتل کیا۔ سارتھک داس نے قتل ہونے سے ایک گھنٹہ قبل ملزمہ کے ساتھ تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی جس میں دونوں خوش دکھائی دیے۔
طلاق یافتہ سنہتی پال اپنے بیٹے کے ہمراہ مقتول کے ساتھ طویل عرصے سے رہ ہی تھی۔ ملزمہ پروفیشنل میک اپ آرٹسٹ ہے جبکہ مقتول فوٹوگرافر تھا۔
بدھ کی شام سنہتی پال نے سارتھک داس کو کئی بار پیٹ میں چاقو گھونپ کر موت کے گھاٹ اتارا اور واردات کے بارے میں پولیس کو اطلاع کر کے طلب کیا۔
ملزمہ کی فون کال پر پولیس موقع پر پہنچی تو سنہتی پال نے بتایا کہ سارتھک داس کو میں نے قتل کیا ہے۔ پولیس کے مطابق خاتون نے تفتیش کے دوران بھی اعتراف جرم کیا۔
پولیس بہیمانہ قتل کی وجہ کا پتا لگانے میں تاحال ناکام رہی۔ انہوں نے خاتون کو حراست میں لے رکھا ہے تاہم اب تک مقدمہ درج نہیں کیا۔