حکومت نے فنکاروں کیلیے بھی ہیلتھ کارڈ کا اجرا کر دیا

حکومت نے فنکاروں کیلیے بھی ہیلتھ کارڈ کا اجرا کر دیا

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے بعد فنکاروں کیلیے بھی ہیلتھ کارڈ کا اجرا کر دیا۔

وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار صحت کے حوالے سے صحافیوں اور فنکاروں کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے ہیلتھ کارڈ کا اجرا کیا گیا تاکہ وہ اپنی عزت نفس کو برقرار رکھتے ہوئے علاج معالجہ بہترین اسپتالوں میں کروا سکیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ صحافیوں کیلیے ہیلتھ انشورنس کا فنڈ مختص کیا گیا ہے، بجٹ میں پہلی بار آرٹسٹوں کیلیے ہیلتھ انشورنس کی رقم مختص کی ہے، صحافیوں کی طرح آرٹسٹ کیلیے بھی ہیلتھ انشورس کا اجرا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کلچر کو ایک اداکار پرموٹ کرتا ہے یہ ہمارا اثاثہ ہوتے ہیں، حکومت فنکاروں کی حفاظت کرے گی۔

26 جون کو وزیر اطلاعات نے کہا تھا کہ پاکستان کی پہلی میوزک پالیسی کا ڈرافٹ تیار کر لیا گیا ہے، پالیسی سے میوزک انڈسٹری کو متعدد مراعات اور سہولیات ملیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پرائیوسی اور کاپی رائٹس سمیت میوزک انڈسٹری کو درپیش مسائل حل ہوں گے، پروڈکشن، ڈسری بیوشن اور کمیونی کیشن رائٹس کو قانونی ڈھانچے میں لایا جا رہا ہے۔

’گانے والے، لکھنے والے اور دھن بنانے والوں کے قانونی حقوق کا تحفظ یقینی ہوگا۔ میوزک کی فروخت، چربہ سازی اور میوزک چرانے سے متعلق مسائل حل ہوں گے۔‘