شاپنگ پلازوں میں پارکنگ لازمی قرار دینے کے لیے دائر درخواست پر سماعت

پشاور: شاپنگ پلازوں میں پارکنگ لازمی قرار دینے کے سلسلے میں دائر درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے کہا کہ مالکان پارکنگ کی جگہ چھوڑ کر نقشہ پاس کرواتے ہیں، پھر وہاں بھی دکان بنا لیتے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پشاور میں شاپنگ پلازوں میں پارکنگ لازمی قرار دینے کے لیے دائر درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں کہا گیا کہ پلازوں میں پارکنگ اور ریمپ کو لازمی قرار دینے کے باوجود اب بھی پلازہ مالکان اس کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔

جسٹس اعجاز انور اور جسٹس ایس ایم عتیق شاہ پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے اس درخواست کی سماعت کی جبکہ عدالت نے پی ڈی اے اور ٹی ایم اے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جو پلازہ اس کی خلاف ورزی کررہے ہیں ان کی رپورٹ پیش کریں۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ پلازوں میں پارکنگ اور ریمپ کو لازمی قرار دیا گیا ہے، اب بھی پلازہ مالکان اس کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، عدالت نے ریمارکس دیے کہ مالکان پارکنگ کی جگہ چھوڑ کر نقشہ پاس کرواتے ہیں، پھر پارکنگ کی جگہ پر بھی دکان بنا لیتے ہیں۔

جسٹس اعجاز انور کا کہنا تھا کہ محکمے قانون پر عمل نہیں کرتے ہیں اس وجہ سے لوگ عدالتوں میں آتے ہیں، جو پلازہ قانون پر عمل نہیں کرتے اور خلاف وزری کررہے ہیں ان کی تفصیل فراہم کریں، عدالت نے خلاف ورزی کے مرتکب پلازہ مالکان سے متعلق رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت کو ملتوی کردیا ہے۔