اسلحے کے زور پر 36 لاکھ روپے مالیت کی ہیوی بائیک چھین لی گئی

ہیوی بائیک

لاہور : تھانہ لٹن روڈکی حدود میں اسلحے کے زور پر 36 لاکھ روپے مالیت کی ہیوی بائیک چھین لی گئی، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دارلحکومت لاہور میں ہیوی بائیکس چھیننے والا گینگ سامنے آگیا، تھانہ لٹن روڈکی حدود میں 36 لاکھ روپے مالیت کی ہیوی بائیک چھین لی گئی۔

ٹیسٹ ڈرائیو لینے والے شخص نے ساتھیوں کے ساتھ اسلحے کے زور پرہیوی بائیک چھین لی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی اور واقعے کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا۔

متاثرہ شہری عمر نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر اشتہار دیکھ کر ملزم بائیک دیکھنےآیا ، اپنا نام عثمان بتانے والےشخص نے ٹیسٹ ڈرائیو کا مطالبہ کیا، ٹیسٹ ڈرائیو کے دوران بھائی نےعثمان کو پیچھے بٹھایا۔

متاثرہ شہری کا کہنا تھا کہ تھوڑی دور جانےکے بعد ملزم نے کہا کہ وہ بائیک چلائے گا، کچھ دور جانےکےبعد ملزم کے دیگر ساتھیوں نے روکااوربائیک چھین لی، 15 کی کال کے بعد 5گھنٹے تک دو تھانوں کی پولیس حدود کا تعین کرتی رہی تاہم پولیس تاحال کسی بھی ملزم کو گرفتار نہ کر سکی۔