کراچی: موسلا دھار بارش سے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن متاثر ہونے سے متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں موسلا دھار بارش کے باعث جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن متاثر ہوا، جس سے ملکی و غیر ملکی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
ایئرپورٹ ذرائع نے بتایا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز PK-300 30 منٹ کی تاخیر سے روانہ ہوئی جبکہ فلائی جناح کی پرواز FJ-670 ایک گھنٹے کی تاخیر سے صبح 8 بجے روانہ کی گئی۔ ایئرسیال کی صبح 7 بجے روانہ ہونے والی اسلام آباد پرواز بھی تاحال روانہ نہ ہو سکی۔
اسی طرح پی آئی اے کی کراچی سے لاہور پرواز PK-302 صبح 8 بج کر 30 منٹ پر روانہ ہوئی، جو کہ مقررہ وقت سے آدھا گھنٹہ تاخیر کا شکار تھی۔
حکام کے مطابق تین بین الاقوامی پروازیں بھی موسم کی خرابی کے باعث تاخیر سے کراچی پہنچیں۔
شہر میں رات سے شروع ہونے والا ہلکی بارش کا سلسلہ صبح کے وقت موسلا دھار بارش میں تبدیل ہوگیا، جس سے مختلف علاقوں میں معمولات زندگی متاثر ہوئے۔
تیز بارش طارق روڈ، عزیز آباد، شاہراہِ قائدین، بوٹ بیسن، لیاقت آباد، حسن اسکوائر، نارتھ ناظم آباد، سائٹ ایریا، کلفٹن، ڈیفنس، قیوم آباد، شاہراہِ فیصل، ایئرپورٹ، قائدآباد، ملیر، لانڈھی اور کورنگی میں ریکارڈ کی گئی۔
مزید پڑھیں : کراچی میں بھی بادل برس پڑے، مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش
گلستانِ جوہر، گلشنِ اقبال، فیڈرل بی ایریا، اسکیم 33، صفورا چورنگی، ملیر کینٹ، نارتھ کراچی، منگھوپیر، سرجانی ٹاؤن اور تیسر ٹاؤن سمیت متعدد علاقوں میں بھی شدید بارش ہوئی جبکہ نارتھ ناظم آباد اور ملحقہ علاقوں میں تیز بارش کے ساتھ گرج چمک بھی ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں ملک کے شمالی علاقوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔ کشمیر، گلگت بلتستان، مری اور گلیات میں شدید بارش جبکہ کوئٹہ، ژوب، قلات، لاہور، اٹک، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، نوشہرہ، تھرپارکر، عمرکوٹ، مٹھی اور ٹھٹھہ کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔