کراچی میں آج دوپہر تیز بارش کی پیشگوئی کی ہے جب کہ گزشتہ روز بھی شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے تیز بارش جاری رہی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ شہر قائد میں آج دوپہر تیز بارش کا امکان ہے جب کہ اس دوران تیز ہوائیں بھی چلیں گی۔
کراچی میں گزشتہ شام سے رات گئے تک شہر کے مختلف علاقوں نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن، منگھوپیر، بفرزون، ملیر، سعدی ٹاؤن، شاہراہ فیصل، شاہ فیصل کالونی، اولڈ سٹی ایریا، گلستان جوہر، گلشن اقبال، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، فیڈرل بی ایریا، صدر اور دیگر علاقوں میں ہلکی تیز بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے اور سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والا سسٹم 10 سے 15 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بڑھ رہا ہے اور آج یہ سسٹم شہر کے جنوب کی جانب زیادہ قریب آجائے گا۔
31 اگست تک کراچی میں 150 سے 200 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے جبکہ نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔
دوسری جانب سندھ حکومت نے طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر آج کراچی میں سرکاری اور نجی اسکولز بند رکھنے کا اعلان کیا ہے جب کہ مدارس میں بھی چھٹی دے دی گئی ہے۔
سمندری طوفان اور موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر وزیر اعلیٰ سندھ نے تمام محکموں بالخصوص انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں کو متحرک رہنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلیے تمام ضروری تیاری مکمل ہونی چاہئے۔
مراد علی شاہ نے محکمہ صحت کو اسپتالوں کے انتظامات بہترکی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام اسپتالوں کی انتظامیہ اپنے اسٹاف کی حاضری یقینی بنائے۔
انھوں نے کہا کہ ماہی گیروں کیلئے ہدایات جاری کی جائیں ساتھ ہی دریا، نہروں اور دیگر پانی کی گزرگاہوں کے بندوں کی نگرانی کرتے رہیں۔