جنوبی افریقہ بیٹر ہینرک کلاسن کا اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان، مداح حیرانی میں مبتلا

جنوبی افریقہ کے مایہ ناز اور جارح مزاج بیٹر ہینرک کلاسن نے اچانک تمام فارمیٹ کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

آج کے دن کو کرکٹ کی دنیا میں بڑے ناموں کے ریٹارمنٹ کا دن کہا جائے تو بےجا نہ ہوگا، آسٹریلوی بیٹر گلین میکس ویل کے بعد انٹرنیشل کرکٹ کے ایک اور بہترین بیٹر ہینرک کلاسن نے صرف 33 سال کی عمر میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کرکے مداحوں کو حیران کردیا ہے۔

33 سالہ بیٹر نے آخری بار اس سال آئی سی سی چیمپئنزٹرافی کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف پروٹیز کی نمائندگی کی تھی۔

بعدازاں اپریل میں کرکٹ سائوتھ افریقہ نے کانٹریکٹ پلیئرز کی فہرست سے نکال دیا تھا ممکنہ طور پر یہ وجوہات ان کی ریٹائرمنٹ کا سبب ہوسکتی ہیں۔

ہینرک کلاسن نے جنوبی افریقہ کی جانب سے 60 ون ڈے انٹرنیشنل میں 43.64 کی اوسط سے 2141 رنز بنائے جس میں 4 سنچریاں اور 11 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے 58 میچز میں انھوں نے 23 کی اوسط سے 1000 رنز بنائے جس میں 5 نصف سنچریاں اسکور کیں جبکہ وہ جنوبی افریقہ کی جانب سے 4 ٹیسٹ میچز میں 104 رنز بناپائے۔


جارح مزاج بیٹر کی یوں اچانک ریٹائرمنٹ پر مداحوں نے شدید حیرانی کا اظہار کیا ہے، ایک صارف نے لکھا کہ اب ہینرک کلاسن ریٹائر ہوگئے یہ ہو کیا رہا ہے۔

ایک مداح نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ جنوبی افریقہ کے پلیئرز اتنی جلدی کیوں ریٹائر ہوجاتے ہیں، دی ویلیئرز نے 34 سال کی عمر میں یہ قدم اٹھایا اور اب کلاسن بھی 33 سال کی عمر میں ریٹائر ہوگئے۔

ایک صارف نے لکھا کہ مجھے یقین نہیں آرہا کہ کونٹین ڈی کاک، راسی وین ڈر ڈوسن، ڈیوڈ ملر اور اب ہینرک کلاسن ریٹارمنٹ لے چکے ہیں، پروٹیز کی وائٹ بال ٹیم اب ختم ہوگئی۔

https://urdu.arynews.tv/glenn-maxwell-announces-retirement-from-odi-cricket/