لندن: برطانیہ میں تربیتی پرواز کے دوران ہیلی کاپٹر گِر کر تباہ ہونے کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہو گئے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیلی کاپٹر میں عملے کے 4 افراد سوار تھے جو آئل آف وائٹ میں کھیتوں میں گر کر تباہ ہوا۔
زخمیوں کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں تین افراد دم توڑ گئے جب کہ ایک کی حالت تشویشناک ہے۔
ہیمپشائر پولیس نے تصدیق کی ہے کہ ہیلی کاپٹر کے حادثے کے بعد تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
ایک بیان میں فورس کا کہنا ہے کہ اس وقت ہم متاثرین کے بارے میں مزید معلومات فراہم کرنے سے قاصر ہیں کیونکہ ان کے اہل خانہ سے رابطہ کرنے اور مدد کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ "ہم واقعے کے حالات پر کوئی تبصرہ نہیں کریں گے لیکن ایئر ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن برانچ کے ساتھ مل کر کام جاری رکھیں گے۔”