حزب اللہ کا معاملہ؛ لبنان کا جواب ناقابل یقین حد تک شاندار ہے، امریکا

لبنان نے حزب اللہ کے ہتھیار چھوڑنے کے امریکی مطالبے پر جواب دیدیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق لبنانی صدر جوزف عون نے امریکی ایلچی ٹام بیرک کو جواب پیش کیا ہے جس پر ایلچی نے کہا کہ لبنان کا جواب ناقابل یقین حد تک شاندار ہے۔

امریکی ایلچی نے کہا کہ لبنان کے جواب سےانتہائی مطمئن ہوں، خطےمیں برق رفتاری سے تبدیلی آرہی ہےلبنان کو ساتھ چلنا ہو گا۔

الجزیرہ ٹی وی کا کہنا ہے کہ لبنان کے امریکا کو جواب کی تفصیلات تاحال منظرعام پر نہیں آئیں، امریکی وفد نے حزب اللہ کے مکمل غیرمسلح ہونے کی تجویز دی تھی، معاہدے کے تحت حزب اللہ کو دریائے لیتانی کے جنوب سے انخلا کرنا تھا۔

لبنان کے صدر جوزف عون نے پیر کے روز مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے ہتھیاروں کو حکومتی تحویل میں لینے کا اعلان کیا تھا۔ انھوں نے کہا تنظیم کو غیر مسلح کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم ملک میں خانہ جنگی نہیں چاہتے۔

جوزف عون نے کہا ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں کہ لبنان میں تمام ہتھیار ریاست کے کنٹرول میں آئیں، ریاستی کنٹرول سے باہر ہتھیاروں کی موجودگی ناقابل قبول ہے، ہتھیاروں کی تحویل سے متعلق حزب اللہ سے مذاکرات کیے جائیں گے۔

انھوں نے کہا حزب نئی جنگ میں شامل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی، تنظیم کے جنگجوؤں کو فوج میں علیحدہ یونٹ کے طور پر شامل نہیں کیا جائے گا، تاہم حزب اللہ کے ارکان فوج میں شامل ہو کر مختلف کورسز کا حصہ بن سکتے ہیں۔