لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اس نے حماس رہنما صالح العروری کی شہادت کا بدلہ لینے کیلیے اسرائیلی فوج کی اہم چوکی کو نشانہ بنایا۔
خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق حزب اللہ نے اپنے مختصر اعلامیے میں بتایا کہ اس نے پہاڑی چوٹی پر قائم پوسٹ پر راکٹ حملے کیے جو اسرائیلی فوج فضائی کنٹرول کیلیے استعمال کرتی تھی۔
اسرائیل کی جانب سے اس بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔
منگل کے روز اسرائیل نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں حملہ کر کے صالح العروری کو شہید کیا تھا۔ صالح العروری کا شمار حماس کے بانی ارکان میں ہوتا تھا جنہوں نے 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل پر کیے گئے طاقتور حملے کی قیادت کی تھی۔
دو روز قبل حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ صالح العروری کا قتل سزا کے بغیر نہیں چلے گا، اگر دشمن لبنان کے خلاف جنگ چھیڑنے کا سوچتا ہے تو ہماری لڑائی بغیر کسی حد اور بغیر کسی اصول کے ہوگی اور وہ جانتے ہیں کہ میرا کیا مطلب ہے۔
حسن نصر اللہ کا کہنا تھا کہ ہم جنگ سے نہیں ڈرتے اور نہ ہی اس سے ہچکچاہٹ کا شکار ہیں، لبنان میں حماس رہنما کے قتل کا بدلہ ضرور لیا جائے گا، لبنان کے محاذ پر اسرائیل شرم کے مارے ہزاروں ہلاکتوں کا اعلان نہیں کر رہا۔