اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ہائر ایجوکیشن کمیشن ترمیمی بل 2023 کو ترامیم کے ساتھ منظور کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم نے اراکین رضا ربانی اور مشتاق احمد کی پیش کردہ ترامیم کو منظور کرلیا ہے، اراکین کمیٹی نے چیئر مین ایچ ای سی کی مدت تعیناتی 4 سال کرنے کی ترمیم پیش کی تھی۔
مجوزہ بل کی سیکشن 10 اور 10 اے میں بھی ترامیم کی سفارش کی گئی ہے، چیئرمین ایچ ای سی کے فیڈرل منسٹر کے اسٹیٹس کو تبدیل کرنے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔
رکن کمیٹی جام مہتاب حسین داہر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ایچ ای سی کو مضبوط بنانا ہو گا تا کہ ہم کوالٹی ایجوکیشن کی طرف جا سکیں، ہمارے پاس ڈگریز اور ڈگریاں بانٹنے والوں کی بہتات ہے۔
وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ ہمارے ادارے مادر پدر آزاد ہو چکے ہیں، وفاقی وزیر نے چیئرمین ایچ ای سی کی مدت تعیناتی کا دورانیہ 4 سال کرنے کی تجویز کی حمایت کی۔
چیئرمین ایچ ای سی کا کہنا تھا کہ سعودیہ نے ہر وائس چانسلر کو وزیر مملکت کے برابر عہدہ دیا ہوا ہے، موجودہ بل سے ہر چیز واپس سیکشن افسر کے پاس چلی جائے گی، گلہ ہے کہ بل کی تیاری میں آن بورڈ نہیں لیا گیا۔