بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ امریکا پر پاکستان کی وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کی وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ امریکا پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان دو خود مختارریاستوں کے تعلقات کو اچھی نظر سے دیکھتا ہے لیکن چاہتے ہیں کہ پاکستان اور خطے کے لیے کچھ غلط نہ ہو۔ مسائل حل کرنے کیلیے دنیا کو دھڑوں منقسم ہونے کے بجائے ساتھ بیٹھنا ہوگا۔
حنا ربانی کھر نے کہا کہ دنیا کو بھی یہ دیکھنا ہوگا کہ جنہیں وہ خطے کی سیکیورٹی کے ضامن کے طور پر پیش کر رہے ہیں ان کا اصل میں کیا کردار ہے دنیا یہ بھی یاد رکھے کہ بھارت نے پاکستان میں جنگی طیارے بھیجے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ چین اور امریکا کیساتھ تعلقات میں توازن رکھا۔ دنیا کو پاکستان سے سیکھنا چاہیے کہ وہ امریکا اور چین کے درمیان تعلقات میں توازن کیسے رکھتا ہے۔
واضح رہے کہ مودی کے امریکا پہنچتے ہی ان کے خلاف سکھوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جب کہ کشمیریوں نے بھی احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔