فلوریڈا : امریکی ریاست فلوریڈا میں طوفانی بارش نے تباہی مچادی ، چویس گھنٹے کے دوران چھ سو پینتیس ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا میں طوفانی موسلادھار بارش کے بعد سیلاب نے تباہی مچا دی، ساحلی شہر فورٹ لاڈرڈیل کی سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں، گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں۔
شہر میں ائیر پورٹ اور اسکول جمعے تک بند کردیے گئے ، پروازیں منسوخ کردی گئی اور ریاست میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
ساحلی شہر فورٹ لاڈرڈیل میں مسلسل بارش نے شہر کو کئی فٹ پانی میں ڈبو دیا، شہر کے انٹرنیشنل ائیرپورٹ بھی پانی پانی ہوگیا، جس کے باعث چارسو پروازیں منسوخ ہو گئیں ۔
رن وے پر آنے والے جہاز کے ٹائر پانی میں ڈوب گئے، جس کے بعد رن اور ہنگر میں پانی جمع ہونے کے باعث ائیر پورٹ کوبند کر دیا گیا۔
نیشنل ویدر سروس کے مطابق فورٹ لاڈرڈیل میں چویس گھنٹے کے دوران چھ سو پینتیس ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو اب تک کی ہزار سالہ بارشوں میں سے ایک ہے۔
بارش کے باعث پانی گھروں میں داخل ہو گیا، پانی میں پھنسے لوگوں کو کشتیوں کی مدد سے نکالا جا رہا ہے۔