کراچی: محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے ہوٹل، ریسٹورنٹ سے ہوم ڈیلیوری کے لیے اوقات کار جاری کردئیے گئے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ ہوٹل، ریسٹورنٹ سے ہوم ڈیلیوری شام 7 سے رات 11 بجے تک ہوگی، جس کا ترمیمی نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق ریسٹورنٹ میں ڈائن ان سروس کی اجازت نہیں ہوگی، ہوٹل، ریسٹورنٹ سے ٹیک اوے صبح 6 سے شام 7 بجے تک کی جاسکے گی۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد سندھ حکومت کی جانب سے کاروبار صبح 9 سے شام 7 بجے تک کھولنے کی اجازت دی گئی تھی۔
محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ میڈیکل اسٹورز اور لازمی سروسز کےادارے24گھنٹےکھلےرہیں گے جب کہ صوبائی اورضلعی انتظامیہ کورونا پھیلنےکےخدشے پر فیصلہ تبدیل کرسکتےہیں۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا تھا کہ شادی ہالز، بزنس سینٹر، ایکسپو ہال، تمام تعلیمی ادارے اور ٹریننگ سینٹربندرہیں گے، ہرقسم کےکھیلوں کی سرگرمیاں اور ٹورنامنٹ پرپابندی رہےگی۔
یکم جون کو سندھ حکومت نے پبلک ٹرانسپورٹ کو ایس او پیز کی شرائط کے ساتھ بحال کرنے کی اجازت دی تھی۔ محکمہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ ٹرانسپورٹ عدالتی فیصلے اور ٹرانسپورٹرز کے ساتھ طے ایس او پیز کے تحت کھولی جائے گی۔