بڑی کارساز کمپنی کا پلانٹ مزید بند رکھنے کا اعلان

کراچی : گاڑیاں بنانے والی بڑی کمپنی نے پاکستان میں اپنا پلانٹ آپریشنز بند کرنے کی مدت میں مزید توسیع کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ہنڈا اٹلس کارز لمیٹڈ نے اپنے پلانٹ کی بندش کے فیصلے کو مزید توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت مزید دو دن تک پلانٹ بند رہے گا۔

تفصیلات کے مطابق ہونڈا اٹلس نے 24 اکتوبر سے 7 نومبر کے دوران پیداواری سرگرمیاں معطل کر رکھی تھیں تاہم اب اس میں مزید دو دن کا اضافہ کردیا گیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو ایک بھیجے گئے ایک نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ 8 نومبر سے 9 نومبر 2023 تک گاڑیوں کی پیداوار مزید بند رہے گی۔

ایک بیان میں کمپنی ترجمان نے کہا کہ انوینٹری کی موجودہ سطح اور پرزوں کی کمی نے کمپنی کی سپلائی چین کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

ہنڈا اٹلس کارز نے کہا ہے کہ سپلائی چین چیلنجز کے منفی اثرات کی وجہ سے پیداوار کو برقرار رکھنا مشکل ہو چکا ہے۔

کمپنی نے صورتحال کی شدت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ سپلائی چین کے معمول پر آنے تک پلانٹ کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ اس پلان میں کسی قسم کی تبدیلی کے بارے میں اسٹیک ہولڈرز کو فوری طور پر مطلع کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ انڈس موٹر کمپنی نے اپنے پلانٹ کو 17 اکتوبر سے ایک مہینے کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا تھا، جبکہ ہونڈا اٹلس کار لمیٹڈ نے بتایا تھا کہ 24 اکتوبر سے 8 دن کے لیے پیداواری سرگرمیاں معطل کر رہے ہیں کیونکہ کم انوینٹری اور پرزوں کی قلت کے سبب سپلائی چین شدید متاثر ہوئی ہے