جیکب آباد: سندھ کے ضلع جیکب آباد میں غیرت کے نام پر خاتون سمیت 2 افراد کو قتل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کے ضلع جیکب آباد میں غیرت کے نام پر شوہر نے بیوی اور ایک شخص کو قتل کردیا، واردات کے بعد ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس کے مطابق تحصیل گڑھی خیرو کے تھانہ میراں پور کی حدود میں گاؤں مسکان بروہی کے قریب ملزم محمد بخش عرف بابل حاجیجو نے غیرت کے نام پر بیوی درناز حاجیجو اور بروہی قبیلے کے نوجوان شاہ بخش بروہی کو قتل کرنے کے بعد فرار ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جائے واردات پر پہنچ کر مقتولین کی لاشیں تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کردی ہیں۔
مزید پڑھیں: شوہر نے غیرت کے نام پر بیوی اور بیٹی سمیت تین افراد کو قتل کر دیا
جیکب آباد پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی تلاش شروع کردی گئی ہے، تاہم آخری اطلاعات تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں ملتان میں شوہر نے غیرت کے نام پر بیوی اور بیٹی سمیت ایک شخص کو قتل کردیا تھا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کرلیا تھا۔
یاد رہے کہ 11 دسمبر کو 2019 کو کراچی کے علاقے لسبیلہ میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے پسند کی شادی کرنے والی خاتون کو غیرت کے نام پر قتل کردیا تھا۔
اس سے قبل کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں پسند کی شادی کرنے والی خاتون اور اُس کے دیور کو قتل کردیا گیا تھا۔