چلاس کے سیلابی ریلے میں لاپتہ 10 افراد کے زندہ بچنے کی امیدیں ختم

چلاس کے سیلابی ریلے میں لاپتہ 10 افراد کے زندہ بچنے کی امیدیں ختم

چلاس: گلگت بلتستان میں سیلابی ریلے میں لاپتہ دس افراد کے زندہ بچنے کی امید ختم ہوگئیں، تمام افراد کو جاں بحق قرار دے کر غائبانہ نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کے ضلع دیامیر کے علاقے چلاس میں حالیہ سیلاب کے دوران لاپتہ ہونے والے افراد کے زندہ بچنے کی امیدیں ختم ہوگئیں۔

ترجمان صوبائی حکومت فیض اللہ فراق نے بتایا کہ 14 روز سے جاری سرچ آپریشن کو باضابطہ طور پر ختم کر دیا گیا ہے، ملبے سے تمام گاڑیاں نکالی گئی ہے جبکہ نجی ٹی وی چینل کے اینکر ان کے اہلخانہ اور دیگر 10 افراد اب تک لاپتہ ہیں، جن کا تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے تمام رضاکار اور ریسکیو ٹیمیں ساز و سامان سمیت واپس روانہ ہو چکی ہیں۔

سیلاب کے نتیجے میں لاپتہ ہونے والے افراد کے لیے غائبانہ نمازِ جنازہ بھی ادا کر دی گئی ہے، مقامی افراد، رشتہ داروں اور انتظامیہ کی بڑی تعداد نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔

حکام کے مطابق خراب موسم، خطرناک جغرافیائی حالات اور پانی کے بہاؤ میں شدت کے باعث ریسکیو آپریشن کو شدید مشکلات کا سامنا تھا، جس کے بعد بالآخر سرچ آپریشن کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔