کولوراڈو : امریکا میں پولیس کی جانب سے رکنے کے اشارے پر فرار ہونے والا شخص ناگہانی موت کا شکار ہوگیا۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست کولوراڈو اسٹیٹ پولیس نے ایک ویڈیو کلپ جاری کیا ہے جس میں ریاست میں چند ماہ قبل ایک پولیس اہلکار کی جانب سے نشے میں دھت ایک ملزم کو پکڑنے کی کوشش کے دوران ملزم کی ہلاکت کا منظر دکھایا گیا ہے۔
اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات ایک مشتبہ کار سوار شخص کو رکنے کا اشارہ کیا جس پر 28 سالہ ملزم نے کار روک کر پولیس کا سامنا کرنے کے بجائے راہ فرار اختیار کی جو اس کے لیے جان لیوا ثابت ہوئی۔
ملزم خوفزدہ ہو کر اپنی گاڑی سے باہر نکلا اور اندھیرے کی آڑ میں بھاگ گیا، پولیس اہلکار نے اس کا تعاقب کیا اور اسٹن گن سے فائر کرکے اسے پکڑنے کی کوشش کی۔
فرار ہونے والا نوجوان بھاگتے ہوئے سڑک پار کر رہا تھا کہ وہاں سے گزرنے والی تیز رفتار کار اس کے اوپر چڑھ گئی اور وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔