بالی ووڈ کے سینئر اداکار مکیش رشی نے انڈسٹری میں دوست نہ ہونے کی وجہ بیان کردی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 67 سالہ سینئر اداکار مکیش رشی نے 1993 میں فلم پرمپارا سے بالی ووڈ میں قدم رکھا اور سینکڑوں فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں جس میں دھرمیندر، امیتابھ بچن، سنی دیول اور دیگر سپر اسٹارز کی فلمیں شامل ہیں۔
مکیش رشی اتنے سال فلم انڈسٹری سے جڑے رہنے کے بعد بھی کسی اداکار کو اپنا دوست نہیں کہہ سکتے، انہوں نے کہا کہ وہ اپنے ساتھی اداکاروں اور سینئرز کا احترام کرتے ہیں لیکن ان کی ترجیحات ہمیشہ مختلف رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں کسی لابی کا حصہ نہیں ہوں، میں سوال سچے دوست کا نہیں کروں گا کیونکہ ہم لوگ اس لیول پر نہیں گئے جسے دوستی کہا جائے۔
مکیش رشی کا کہنا تھا کہ میں شوٹنگ کے بعد گھر پہنچنے کے بعد جم جاتا تھا جبکہ کچھ لوگ ڈرنک کرتے تھے اور ایک دوسرے سے گفتگو کرتے تھے لیکن میری ترجیحات شروع سے ہی واضح رہی ہیں، میں جانتا ہوں کہ دوستی کیا ہوتی ہے ایک دوسرے کے ساتھ دوستانہ ہونا بھی خوبصورت ماحول پیدا کرتا ہے۔
اداکار کا کہنا تھا کہ میں دھرمیندر کی عزت کرتا ہوں لیکن کیسے کہوں کہ وہ میرے دوست ہیں، جو بڑے لوگ ہیں ان کی زندگی جینے کا ایک طریقہ ہے اگر ان کی پارٹیوں میں جانا دوستی کی نشانی ہے تو میں تو کبھی گیا ہی نہیں اور یہ کہوں کہ مجھے لوگ بلا رہے تھے ایسا بھی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری کسی اداکار سے ناراضگی نہیں ہے آج بھی عامر خان کہیں مل جائے تو عزت سے ملتے ہیں میرے لیے بس یہی کافی ہے۔
مکیش رشی کا کہنا تھا کہ ایک دن میرا بیٹا ایک ریسٹورنٹ میں اپنے دوستوں کے ساتھ گیا تھا وہاں سہیل خان بھی آئے تھے انہیں باتوں باتوں میں پتا چلا کہ میرا بیٹا وہاں ہے تو وہ جاتے جاتے سارا بل ادا کرکے چلے گئے یہ سب دوستی سے کم تھوڑی ہے۔